غیر قانونی کٹائی کی بھرپور روک تھام کی جائے‘شفیق آفریدی

January 29, 2023

پشاور (جنگ نیوز )خیبر پختونخوا اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے ماحولیات کا اجلاس رکن صوبائی اسمبلی و چیئرمین کمیٹی شفیق شیر آفریدی کی زیر صدارت گزشتہ روزپشاور میں منعقد ہوا جس میں اراکین کمیٹی و ممبران صوبائی اسمبلی لائق محمد خان ،محمد شفیق آفریدی، میرکلام خان ، ساجدہ حنیف،مدیحہ نثار اورسومی فلک ناز سمیت محکمہ ماحولیات وجنگلات ا و رجنگلی حیات، خزانہ، قانون اور اسمبلی کے متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں جنگلی حیا ت کی ا فزائش کے فروغ اور ملازمین کے مسائل کے حل کے لیے مفید تجاویز پیش کی گئیں جبکہ اراکین کمیٹی کو درجہ چہارم کے ملامین کی بھرتیوں ،ورکشاپس، سیمینارز اور شجر کاری مہمات کے بارے میں اعتماد میں نہ لینے اورضروری تقریبات میں مدعو نہ کرنے پر ناراضگی کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس میں مقامی سطح پر لکڑی کے مناسب استعمال کے لئے پرمٹ فراہم کر کے ضرورتمند لوگوں کی شکایات و تحفظات دور کرنے اور غیرقانونی شکار اور غیرقانونی جنگلات کی کٹائی کی روک تھام کرنے کے لیئے تجاویز دی گئیں اور کہا گیا کہ غیر قانونی کٹائی کی بھرپور روک تھام کی جائے ۔ اجلاس میں اراکین کمیٹی کا بنوں، ڈی آئی خان شیخ بدین اورنارتھ وزیرستان کا دورہ کر کے وہاں جنگلات اور ماحولیات و جنگلی حیات کا جائزہ لینے کا بھی فیصلہ کیا گیاجبکہ اراکین اسمبلی کو محکمہ جنگلات کے ملازمین کے ریسک الائنس، بلین ٹری پرجیکٹ، پروفیشنل الاؤنس اورگاڑیوں کی فراہمی کے بارے میں بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔ اس موقع پر چیئرمین کمیٹی نے جنگلات کی ترقی کے لیے سنجیدہ اقدامات اٹھانے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی نے خطرناک شکل اختیار کر لی ہے اور اس سے نمٹنے کے لئے بھر پور محنت کی ضرورت ہے ۔ اجلاس میں حکومت کے آلودگی کی روک تھام، بلین ٹری پراجیکٹ اورکلائمنٹ چینج پالیسی 2022-23جیسے منصوبوں کو سراہا گیا۔