کوچ حادثہ: پٹرول یا ڈیزل کی اسمگلنگ کے شواہد نہیں ملے

January 30, 2023

کوئٹہ (آن لائن)صوبائی سیکرٹری ٹرانسپورٹ اتھارٹی ظفر کبدانی نے کہا ہے کہ بیلا بس حادثے کی تحقیقات کا سلسلہ جاری ہے اب تک کی تحقیقات میں سانحہ میں پیٹرول یا ڈیزل کی ا سمنگلنگ کے شواہد نہیں ملے۔غفلت برتنے پر کمپنی مالک پر بھاری جرمانہ اورکمپنی کا روٹ پرمٹ بھی منسوخ کیا جائےگا، محکمہ ٹرانسپورٹ اور پی ٹی اے دیگر ٹرانسپورٹ کمپنیوں اور ڈرائیوروں کا روز مرہ کے مطابق معائنہ کرتی ہے ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثہ کوچ ڈرائیور کی غفلت کے باعث پیش آیا ہے لسبیلہ انتظامیہ سے مکمل رابطے میں ہیں اور تحقیقات کا سلسلہ جاری ہے تحقیقات میں کوچ حادثے کے اصل محرکات کا تعین اور مستقبل میں ایسے حادثات کی تدارک کیلئے اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ حادثے میں زخمی ہونیوالے مسافروں کے بیانات میں دوران سفر ڈرائیور کی آنکھ لگ جانے کا امکان سامنے آرہا ہے آج صوبائی ٹرانسپورٹ اتھارٹی کا عملہ جائے وقوعہ کا دورہ کرےگا۔ ڈرائیور کی جانب سے غفلت کی تصدیق ہونیکی صورت میں کمپنی مالک پر بھاری جرمانہ عائد کیا جائیگا اور جرمانے کے ساتھ مذکورہ ٹرانسپورٹ کمپنی کا روٹ پرمٹ بھی منسوخ کیا جائےگا۔ محکمہ کی کوشش ہے کہ ایسے حادثات کے تدارک کو ممکن بناتے ہوئے انسانی جانوں کے ضیاع کو روکا جاسکے۔