ویسٹ وہارف روڈ کی تعمیر، KMC گٹر کے ڈھکن لگانا بھول گئی

January 30, 2023

کراچی (این این آئی) ویسٹ وہارف روڈ تعمیر مکمل ہونے کے باوجود بھی شہریوں کیلئے وبال بن گیا، کے ایم سی انتظامیہ گٹر کے اوپر ڈھکن لگانا بھول گئی، شہریوں کی بڑی تعداد ویسٹ وہارف روڈ سڑک کی استرکاری کے باوجود کھلے مین ہولز میں گر کر زخمی ہونے لگی،موٹر سائیکل سواروں کو مشکلات کا سامنا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے معاشی حب والے علاقے ویسٹ وہارف روڈ پر کراچی میونسپل کارپوریشن کی جانب سے 2 ماہ قبل ہی سڑک کی استرکاری کی گئی ہے مگر کے ایم سی والے سڑک کی تعمیر مکمل کرکے گٹر کے ڈھکن لگانا بھول گئے اور بھولے بھی ایسے کہ دو مہینے گزر چکے ہیں۔ سڑک کی استرکاری کے بعد موٹر سائیکل سوار صاف ستھرا نیا روڈ دیکھ کر اپنی گاڑیاں دوڑاتے ہوئے انجانے میں کھلے ہوئے مین گٹروں میں گر کر بری طرح زخمی ہورہے ہیں اور ساتھ میں موٹر سائیکلوں کے پرزے بھی گٹر میں گرنے کے باعث ٹوٹ رہے ہیں۔ باالخصوص رات کے اوقات میں شہریوں کی بائیکس کے ٹائر کھلے مین گٹروں پر ڈھکن نہ ہونے کی وجہ سے پھنس جاتی ہے اور شہری سڑک پر گر کر زخمی ہورہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ویسٹ وہارف روڈ کی تعمیر ومرمت مکمل ہونے کے باوجود ابھی تک پوری سڑک پر 13گٹرز کے ڈھکن کھلے ہوئے ہیں۔