اسلام آباد(ساجد چوہدری ) سینٹ کی قائمہ کمیٹی موسمیاتی تبدیلی میں انکشاف کیا گیا کہ گلیشیائی جھیل کے اچانک پھٹنے سے لاکھوں افراد خطرے سے دوچار ہو سکتے ہیں ،وفاقی وزیر ڈاکٹر مصدق ملک نے قائمہ کمیٹی کو بتایا کہ موسمیاتی خطرات سے بروقت نمٹنے کیلئے ڈیزاسٹر مینجمنٹ سے متعلق تمام قومی اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ اور ڈیٹا شیئرنگ ناگزیر ہے ، منگل کو قائمہ کمیٹی کا اجلاس چیئرپرسن کمیٹی سنیٹر شیری رحمان کی زیرصدارت پارلیمنٹ ہائوس میں ہوا، چیئرپرسن شیری رحمان نے ملک میں جنگلات کی کٹائی اور مبینہ ٹمبر اسمگلنگ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان جنوبی ایشیا میں جنگلات کی کٹائی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے۔