کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے سیکریٹری جنرل سردار عبدالرحیم نے کہا ہے کہ کراچی کے عوام کو درپیش بنیادی مسائل کے حل کے لئے پاکستان مسلم لیگ فنکشنل ہر سطح پر آواز بلند کرے گی، شہر کے عوام کو صاف پانی، بہتر سیوریج، صفائی ستھرائی، صحت، تعلیم، ٹرانسپورٹ اور بنیادی شہری سہولیات کی فراہمی ان کا بنیادی حق ہے، عوام کو ان کے حقوق سے محروم نہیں رکھا جا سکتا۔یہ بات انھوں نے پاکستان مسلم لیگ فنکشنل ڈسٹرکٹ ساؤتھ کے مرکزی دفتر کے باقاعدہ افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہی- اس موقع پر کراچی ڈویژن کے سینئر نائب صدر نعیم سجاد، جنرل سیکریٹری کراچی ڈویژن جمشید خان، کراچی ڈویژن لیبر ونگ کے صدر ولی وارثی، محترمہ ٹخمین جونیجو، ڈسٹرکٹ ملیر کے صدر قادد لغاری، پاکستان مسلم لیگ فنکشنل ڈسٹرکٹ ساؤتھ کی پوری کابینہ، پی ایس 106، پی ایس 107، پی ایس 108، پی ایس 109 اور پی ایس 110 کے عہدیداران اور کارکنان بڑی تعداد میں موجود تھے۔ سردار عبدالرحیم نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ساؤتھ کراچی کا ایک اہم اور گنجان آباد ضلع ہے، جہاں شہریوں کو طویل عرصے سے مختلف بنیادی مسائل کا سامنا ہے۔