عمران فوج کو آواز نہ دیں، اپنے بل بوتے پر سیاست کریں، خواجہ آصف

January 30, 2023

سیالکوٹ (اے پی پی) وزیر دفا ع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ عمران خان فوج کو آواز نہ دیں، اپنے بل بوتے پر سیاست کریں، عمران خان کے سابق صدر آصف علی زرداری پر بے بنیاد الزامات سے سیاست میں خون خرابے کا اندیشہ ہے، ملکی معاشی تباہی کا ذمہ دار عمران خان ہے، خدانخواستہ اب اگر کوئی سانحہ ہوا تو اسکا ذمہ دار عمران خان ہی ہو گا، عمران خان کے سابق صدر آصف علی زرداری پر بے بنیاد اور جھوٹے الزامات کی پرزور مذمت کرتے ہیں کیونکہ پاکستان پیپلز پارٹی وہ جماعت ہے جس نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں بے شمار قربانیاں دیں یہاں تک کہ بی بی شہید بھی دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑتے لڑتے شہید ہو گئیں، شہادتوں کے باوجود پاکستان پیپلز پارٹی نے تشدد کا راستہ نہیں اپنایا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو یہاں ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کے قول و فعل میں واضح تضاد موجود ہے، وہ کبھی کچھ تو کبھی کچھ کہتا ہے، اس شخص کی کسی بات پر یقین نہیں کیا جا سکتا، عمران خان جیسا جھوٹا شخص پہلے اپنی حکومت گرانے کا الزام امریکا پر لگاتا تھا لیکن اب امریکا کی بجائے نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کو اسکا ذمہ دار ٹھہرا رہا ہے جس سے اس شخص کا جھوٹ واضح ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں ہماری ساری قیادت کو نشانہ بنایا گیا۔