وزیر آباد حملہ، جائے وقوعہ سے 31 گولیاں یا خول ملے، فرانزک رپورٹ

January 31, 2023

لاہور(نمائندہ جنگ، صباح نیوز) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف و سابق وزیراعظم عمران خان پر وزیر آباد میں ہونے والے قاتلانہ حملے کی فرانزک رپورٹ سامنے آگئی۔ذرائع کے مطابق عمران خان پر حملے کے دوران استعمال ہونے والے اسلحے اور گولیوں کی تفصیلات پر مبنی رپورٹ چار صفحات پر مشتمل ہے۔فرانزک پورٹ کے مطابق عمران خان پر حملے کے جائے وقوعہ سے تحقیقاتی ٹیم کو 31 گولیاں یا ان کے خول ملے، 3 گولیوں کے ٹکڑے کنٹینر پر لگے جو اسپیکر سے ملے، 3 گولیوں کے ٹکڑے کنٹینرکی گرل سے ملے، ایک گولی کا خول قریبی دوکان کے اندر زمین سے ملا اور 14 گولیوں کے خول سڑک سے ملے جبکہ ملزم نوید کے گھرکے قریب بھی ایک گراؤنڈ سے 10 خول ملے۔