ڈالرکی اڑان ملکی معیشت کےلئے تباہ کن ہے، مرزا عبدالرحمان

January 31, 2023

پشاور(جنگ نیوز) مرزا عبدالرحمن چیئرمین کوآرڈینیشن ایف پی س سی آئی کیپٹل آفس نے کہا ہے کہ ڈالرکی اڑان ملک اور معیشت کیلئے تباہ کن جبکہ پٹرولیم قیمتوں میں ظالمانہ اضافہ سے مہنگائی کا بدترین سیلاب آئے گا۔ حکمران اپنے مفادات کیلئے ملک کو معاشی طور پر تباہ کر چکے ہیں ۔ لوگ مسلسل بیروز گار ہوتے جارہے ہیں، ملکی معیشت تباہ ہوچکی ہے اور پٹرولیم قیمتوں میں یکدم بڑے اضافہ سے کاروبار بند ہو جائیں گے، کاروباری لاگت بڑھنے سے مینوفیکچرنگ کا شعبہ شدید دباو کا شکار ہے جس کا براہ راست اثر برآمدات پر پڑ رہا ہے، روپے کی قدر گرنے سے پہلے ہی مہنگائی کئی گنا بڑھ چکی ہے اور عام آدمی اور تاجر کی قوت خرید ختم ہو چکی ہے۔اپنے جاری کردہ ایک بیان میں مرزا عبدالرحمن نے کہا کہ کمرشل بینکوں نے کیپ لگنے کے دوران اوپن مارکیٹ سے زیادہ قیمت وصول کرکے نہ صرف ایکسپورٹ کو نقصان پہنچایا بلکہ بلیک مارکیٹ کی بنیاد بھی رکھی جس کے بعد آفیشل ریٹ کے بجائے بینکوں کے من مانے ریٹ پر ڈالر کی خرید و فروخت ہوئی۔ حکومت کو اگر صحیح معنوں میں سخت فیصلے لینے ہیں تو وزراء، اراکین پارلیمنٹ ، بیوروکریٹس اور افسران کی عیاشیاں ختم کرے۔