پاکستان کے دیوالیہ ہونے کے خدشات بڑھ گئے، دوست ممالک بھی مدد کیلئے آمادہ نہیں، حکومت بند گلی میں پہنچ گئی

February 01, 2023

اسلام آباد (اے ایف پی)پاکستان اپنے سخت اقتصادی اور مالیاتی بحران سے گزررہا ہے۔ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی ناقدری بڑھتی جارہی ہے۔ افراطِ زر نے مہنگائی کو آسمان پر پہنچا دیا ہے۔ توانائی اور ایندھن کا بحران بے قابو ہے آئی ایم ایف کا وفد قرضے کی تفصیلات طے کرنے کے لیے پاکستان کے دورے پر ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ٹیکسوں میں اضافے اور زرِ تلافی ختم کرنےکےلیے عالمی مالیاتی ادارے کے دبائو کو روکے رکھا تاکہ اکتوبر میں متوقع عام انتخابات میں کسی منفی عوامی رد ِعمل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ لیکن ملک کے دیوالیہ ہونے کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔ دوست اور برادر ممالک بھی پاکستان کو اس دلدل سے نکالنے پر آمادہ دکھائی نہیں دے رہے۔ پاکستان نے دبائو پر جھکنا شروع کر دیا ہے۔ حکومت کا روپے پر کوئی کنٹرول نہیں رہا۔ ڈالر کی کھلے بندوں بلیک مارکیٹنگ ہو رہی ہے۔ جس نے مہنگائی کو مہمیز دی پٹرول اور گیس کے دا م بے قابو ہوگئے۔ حکومت کو اس حوالے سے عوام کو اپنا سیاسی کیس سمجھانا ہوگا۔ جو بند گلی میں پہنچ گئی ہے ورلڈ بینک کے سابق اکنامسٹ عابد حسن نے کہاکہ آئی ایم ایف کی شرائط عوام کو باور کرانا ہوں گی پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ڈیولپمنٹ اکنامکس کے ناصر اقبال نے خبردار کیا ہے کہ پاکستان کی اقتصادیات دیوالیہ ہونے کے قریب ہے۔ اس کی بڑی وجہ بدانتظامی اور سیاسی بحران ہے تعمیراتی منصوبے دھرے رہ گئے ہیں۔