شہید وطن حیات شیرپاؤ کی برسی کے لئے تیاریاں تیز

February 01, 2023

پشاور(نمائندہ خصوصی) قومی وطن پارٹی کے کارکنوں کی طرف سے سابق گورنر شہید وطن حیات محمد خان شیرپاؤ کی برسی کے سلسلے میں صوبے بھر میں تیاریاں تیز کر دی گئیں جبکہ وکلا ڈاکٹروں مزدوروں کسانوں طلبا اور تاجروں کی طرف سے بھی تیاریاں تیز کر دی گئیں۔ قومی وطن پارٹی کے سینئر وائس چیئرمین فخرسادات سید فیاض علی شاہ صوبائی جائنٹ سیکرٹری افتخار خان فخر صوابی جاوید زمان طاہر خیلی ایڈوکیٹ ضلع پشاور کے چیئرمین الحاج سلیم خان چمکنی اور پشاورسٹی ڈسٹرکٹ کے چیئرمین شکیل وحید اللہ خان نے برسی کی تیاریوں کے سلسلے میں ہونے والے اجلاسوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آٹھ فروری کو شہید وطن حیات محمد خان شیرپاؤ کی برسی نہایت ہی عقیدت و احترام سے منائی جائے گی۔ برسی کے سلسلے میں بڑا جلسہ عام ہو گا جس سے قومی وطن پارٹی کے قائد آفتاب احمد خان شیرپاؤ پی ڈی ایم کے قائدین اور قوم پرست و ترقی پسند سیاسی رہنما خطاب کریں گے۔ برسی کے سلسلے میں خیبر پختونخوا پنجاب ،بلوچستان اور سندھ کے علاوہ افغانستان متحدہ عرب امارات اور دوسرے ممالک میں بھی خصوصی تقاریب ہوں گی۔