تجاوزات کا مسئلہ گھمبیر، تاجروں کو اعتماد میں لیکر کارروائی کی جائے، کمشنر

February 01, 2023

راولپنڈی (نمائندہ جنگ)کمشنر راولپنڈی ڈویژن لیاقت علی چٹھہ نے گزشتہ روز میٹرو پولیٹن کارپوریشن راولپنڈی کا دورہ کیا جہاں انہیں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ نئی حد بندیوں کے مطابق کارپوریشن کے دائرہ اختیار میں یونین کونسلز کی تعداد 78 کر دی گئی ہے ۔ کمشنر وایڈمنسٹریٹر نے کہا کہ راولپنڈی شہر کے دیرینہ مسئلے میں ٹریفک کا مسئلہ سب سے اہم ہے جو بڑھتی تجاوزات کے باعث گھمبیر ہوتا جا رہا ہے لہٰذا تاجروں کو اعتماد میں لیکر تجاوزات کیخلاف ٹھوس کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہاکہ وہ آئندہ ہفتے اڈے اور مذبح خانے کا دورہ کرکے وہاں صفائی اور دی جانے والی دیگر سہولیات کے معیار کا جائزہ لیں گے۔ہر جمعہ کو میونسپل کارپوریشن کا دورہ کر کے کارپوریشن کی کارکردگی کی جانچ، درپیش مسائل کے حل کے لئے لائحہ عمل تیار کرنے کے ساتھ ساتھ لوگوں کے مسائل بھی وہیں سنیں گے۔