موروثی امراض کے پھیلاؤ میں اضافہ تشویشاک ہے، صاحبزادہ حلیم

February 02, 2023

پشاور(جنگ نیوز) فرنٹیئرفاؤنڈیشن کے چیئرمین صاحبزادہ محمد حلیم نے کہا ہے کہ تھیلی سیمیابڑھتے ہوئے کیسز کی بنیادی وجہ عوام میں موروثی مرض سے متعلق آگاہی کا نہ ہونا اور تھیلی سیمیا کا شکار فیملیز میں کزن میرجز کا کم نہ ہونے والا رجحان ہے، فرنٹیئرفاؤنڈیشن اس حوالے سے سیمینارز اور دیگر تقاریب منعقد کر کے عوام میں آگاہی تو پھیلا رہی ہے تاہم حکومتی سطح پر کسی خاص مہم یا پروگرام کا نہ ہونا باعث تشویش ہے، آئندہ نسلوںکو تھیلی سیمیا سے محفوظ بنانے کیلئے موثر قانون سازی وقت کا تقاضا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ماہانہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر گزشتہ ماہ کے اجلاس تھیلی سیمیا و دیگر امراض خون کے کیسز میں اضافہ سے متعلق پیش کی جانے والی رپورٹ پر لئے گئے اقدامات کا بھی جائزہ لیا، صاحبزادہ محمد حلیم نے بڑھتے کیسز پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ہماری حتیٰ الوسع کوشش ہے کہ تھیلی سیمیا کیخلاف زیادہ سے زیادہ شعور اجاگر کیاجائے تاکہ بیماری کی بڑھتی شرح پرقابوپایا جاسکے ،انہوںنے تھیلی سیمیا کا شکار خاندانوں میںکزن میرج کے رواج کو ختم کرنے اور شادی سے قبل تھیلی سیمیا ٹیسٹ کرانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ جب تک یہ صورتحال درپیش رہے گی خون کے موروثی امراض پرقابو پانا ناممکن ہو گا، عوام ان عوامل کو سمجھیں تاکہ ہماری جاری کوششوں کو تقویت مل سکے۔