ٹیلی کام سیکٹر کا ڈالر میں لائسنس فیس و اقساط کی ادائیگیوں پر اظہار تشویش

February 03, 2023

اسلام آباد (مہتاب حیدر،ساجد چوہدری ) پاکستانی روپے کی قدر میں بے یقینی سے ٹیلی کام کمپنیوں کیلئے بحران شدید ہوگیا ہے ،پاکستان کے ٹیلی کام سیکٹر نے لائسنس فیس کی ادائیگیوں اور ڈالر میں قسطوں پر سود پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرنسی کی قدر میں بڑے پیمانے پر کمی نے ان کے کاروبار کو خطرے میں ڈال دیا ہے، ٹیلی کام کمپنیوں اور ان کے چیف ایگزیکٹوز نےاس پرٹویٹس کے ذریعے احتجاج کیا ہے ،ٹیلی نار کے سی ای او عرفان وہاب نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ جہاں ٹیلی کام سیکٹر کو پاکستانی روپے میں آمدن ہوتی ہے وہاں امریکی ڈالر میں تجدید اور اقساط ٹیلی کام کو کرنسی کی قدر میں بڑے پیمانے پر کمی کے خطرے سے دوچار کرتے ہیں اس عدم مطابقت کو دور کرنے کی ضرورت ہے اس سے پہلے کہ ٹیلکوز کی مزید پاور ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کی صلاحیت ناقابل تلافی طور پر ختم ہوجائے، سی ای او جاز عامر ابراہیم نے کہا کہ روپے کی قدر میں کمی نے ٹیلی کام کمپنیوں کےکاروبار کو خطرے میں ڈال دیا ہے کیونکہ انکی لائسنس فیس اور قسطوں پر سود امریکی ڈالر سے لگایا گیا تھا گزشتہ سال 50 فیصد لائسنس کی تجدید فیس پر 44اعشاریہ 5 ارب روپے لاگت آئی تھی اور اس سال صرف 10 فیصد اقساط پر 13 ارب روپے سے زائد آئی ہے۔