شیئرز میں کمی کے باوجود کمپنی کی اخلاقی اقدار مضبوط ہیں، گوتم اڈانی

February 03, 2023

نئی دہلی (اے ایف پی، جنگ نیوز ) بھارتی ارب پتی تاجر گوتم اڈانی نے کہا ہے کہ شیئرز میں تیزی سے کمی کے باوجود ان کی کمپنی کی بنیادی اخلاقی اقداریں اب بھی مضبوط ہیں ، اپنے ایک ویڈیو بیان میں انہوں نے کہا کہ ہمارے گروپ کی اخلاقی اقداریں اب بھی مضبوط ہیں

بیلنس شیٹ اور اثاثے اب بھی مستحکم ہیں ۔ امریکی جریدے فوربز کے مطابق گوتم اڈانی کی جگہ ان کے حریف مکیش امبانی اب ایشیا کے امیر ترین شخص بن گئے ہیں۔

دنیا کے تیسرے امیر ترین شخص کی حیثیت سے 2023کا آغاز کرنے والے اڈانی 15ویں نمبر پر آگئے۔

رپورٹ کے مطابق یکم فروری کو اڈانی گروپ کے حصص کی قیمت میں مزید کمی آئی جس کے نتیجے میں گوتم اڈانی کی دولت مزید گھٹ کر 75.1 ارب ڈالرز تک پہنچ گئی اور وہ دنیا کے امیر ترین افراد کی فہرست میں15 ویں نمبر پر پہنچ گئے۔

اس کے مقابلے میں ریلائنس انڈسٹریز کے چیئرمین مکیش امبانی 83.6 ارب ڈالرز کے ساتھ دنیا کے 9 ویں جبکہ ایشیا کے امیر ترین شخص بن گئے ہیں۔

گوتم اڈانی کی دولت میں تیزی سے کمی کی وجہ ایک امریکی شارٹ سیلنگ کمپنی ہندن برگ کی 25 جنوری کو جاری ہونے والی رپورٹ تھی۔اس رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ اڈانی گروپ دہائیوں سے اسٹاک مارکیٹ میں ہیرا پھیری اور اکاؤنٹنگ فراڈ اسکیم میں ملوث ہے۔