ڈکیتی کے دوران فائرنگ، 2 شہری زخمی، 9 گاڑیاں، 42 موٹر سائیکل بھی غائب

February 03, 2023

راولپنڈی،اسلام آباد (سٹاف رپورٹر،خصوصی نامہ نگار ) راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں شہری 4گاڑیوں ایک رکشے 25موٹرسائیکلوں ،طلائی زیورات ،موبائلز،نقدی جبکہ وفاقی دارالحکومت میں شہری پانچ گاڑیوں، 17 موٹر سائیکلوں، لاکھوں روپے مالیت کی نقدی وطلائی زیورات، موبائلز و دیگر قیمتی اشیاء سے محروم ہوگئے۔ تھانہ بنی کے علاقہ محلہ راجہ سلطان میں ظاہر خان کےکریانہ سٹور میں 3 افراد داخل ہوئے جنہوں نے اسلحہ کی نوک پر 10ہزار چھین کر اور پسٹل کا فائر کراسے زخمی کردیا ۔مزاحمت پر گولی مارنے کی واردات تھانہ سنگ جانی کے علاقے میں ہوئی ، آفتاب نے مقدمہ درج کرواتے ہوئے بتایاکہ موٹرسائیکل سواروں نے موبائل ونقدی چھینی تو اس نے مزاحمت کی جس پر ایک نے اسے گولیاں ماردیں جو اسکے بازو پر لگیں، شورشرابے کے باعث اہل محلہ اکٹھے ہوگئے اور انہوں نے دونوں ڈاکوؤں کو پکڑ لیاجن کے نام عثمان معاویہ اور عباداللہ معلوم ہوئے۔تھانہ مورگاہ کے علاقہ ڈی ایچ اے فیزون میں علیبہ عثمان کے گھرسے زیورو سامان کل مالیتی 7 لاکھ روپے،تھانہ صادق آبادکے علاقہ ڈھوک کالاخان میں امتیاز بانو کے گھر کا تالہ توڑ کر طلائی زیور مالیتی 2لاکھ 50ہزار روپےاور 75ہزار روپے ،تھانہ روات کے علاقہ میں محمد عمران کے گھرکے تالے توڑکر5 تولہ طلائی زیور ،800 امریکی ڈالر ،2ہزار اماراتی درہم،ضروری کاغذات پراپرٹی فائلز و سامان اورایل ای ڈی چوری ہوگئے ۔کورال کے علاقے میں نورین کے گھر سے پانچ لاکھ روپے ، نون کے علاقے میں جلیل اور اسکی اہلیہ سے طلائی زیورونقدی چھین لی گئی۔