پولیس کی زیر حراست ملزم کو ساتھیوں نے اسلحہ کی نوک پر چھڑوا لیا

February 03, 2023

اسلام آباد ( خصوصی نامہ نگار) تھانہ نون کے علاقے میں کیپٹل پولیس کی حراست سے ایک اور ملزم کو اسکے ساتھیوں نے اسلحہ کی نوک پر چھڑوا لیا۔ تھانہ نون میں منظور الہی سب انسپکٹر نے مقدمہ درج کرواتے ہوئے بتایاکہ تھانہ بنی گالہ میں گذشتہ سال مہتاب علی قریشی کے خلاف مقدمہ درج ہوا جس میں ملزم کی نشاندہی پر ساتھی ملزم راجہ عادل شوکت کی گرفتاری کے لیے آئی 14/3 پہنچے تو ایک کالی کار جس کے شیشے کالے اور نمبر پلیٹ نہیں تھی نے پولیس کی گاڑی روکی ۔کالی گاڑی سے اترنے والوں نے گن مین سے ڈبل میگزین لے لی ، زیر حراست ملزم مہتاب قریشی کو ہتھکڑی سمیت سرکاری گاڑی سے نکال کر اپنی گاڑی میں بٹھایا اور فرار ہوگئے۔ ملزمان کی شناخت راجہ عادل اور حاجی فیصل کے نام سے ہوئی جب کہ دیگر تین نامعلوم ملزمان بھی شامل ہیں۔