رمیز جہاں چاہیں کمنٹری کریں، معافی طلب نہیں کی، پی سی بی

February 04, 2023

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاکستان کر کٹ بورڈ نے کہا ہے کہ سابق کپتان اور چیئرمین رمیز راجا کمنٹری کیلئے آزاد ہیں، ان پر کسی قسم کی کوئی پابندی نہیں ہے، وہ چاہیں جہاں چاہیں بطور کمنٹیٹر کام کرسکتے ہیں۔ بورڈ کے مطابق ان سے پہلے معافی مانگنے اور پھر کمنٹری کے لیے درخواست دینے کا کوئی مطالبہ نہیں کیا، بورڈ نے اس دعوے کو مسترد کردیا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ پی سی بی کی انتظامی کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی بھی اس سے قبل میڈیا کانفرنسز میں اس کی وضاحت کرچکے ہیں۔واضح رہے کہ سابق کپتان نے سوشل میڈیا چینل پر کہا تھا کہ نئی مینجمنٹ کمیٹی چاہتی ہے کہ میں پہلے ان سے معافی مانگوں اور کمنٹری کیلیے درخواست دوں، کیا آپ کو لگتا ہے کہ میں ایسا کروں گا۔ انہوں نے مزید انکشاف کیا ہے کہ شان مسعود کو میچز کھلانے کیلئے ہیڈکوچ اور کپتان کو متعدد کالز موصول ہوئیں۔