الیکشن کمیشن نے این اے 265 پر ضمنی انتخابات کرانے کا اعلان کر دیا

February 04, 2023

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)ممتاز قانون دان ریاض احمد ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 265 کوئٹہ پر الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخابات کرانے کا اعلان کیا ہے جس کے مطابق 6 سے 8 فروری تک کاغذات نامزدگی داخل کرائے جائیں گے جبکہ 16 مارچ کو پولنگ کی تاریخ مقرر کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 2 اکتوبر 2019ء کو الیکشن ٹریبونل کے حلقے میں دوبارہ انتخابات کرانے کے نوٹیفکیشن کے بعد قاسم سوری نے اپنی نشست ہارنے کے خلاف الیکشن ٹربیونل کے فیصلے اور الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن کو سپریم کورٹ میں 2019 میں چیلنج کیا اور سپریم کورٹ نے الیکشن ٹربیونل کے فیصلے اور الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن کو معطل کیا تھا اور اس پر یہ مقدمہ سپریم کورٹ میں زیر التواء ہے اور قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 265 پر دوباہ الیکشن منعقد ہونے کی صورت میں سپریم کورٹ کی اپیل میں مداخلت ہوگی کیوںکہ اس اپیل کا فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے الیکشن ٹربیونل کے فیصلے اور الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن کو سپریم کورٹ نے معطل کیا ہوا ہے اس طرح اس حلقہ میں الیکشن سپریم کورٹ کے آخری فیصلے سے جڑا ہوا ہے اور سپریم کورٹ کے علاوہ کوئی بھی ادارہ اس حلقہ کی حیثیت کو تبدیل نہیں کرسکتا ، اس سلسلے میں نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے چیف الیکشن کمشنر کو مطلع کردیا ہے۔