شیخ رشید شعبدہ باز، ہمیشہ اپنے محسنوں کو ڈسا، پیپلز پارٹی

February 04, 2023

کوئٹہ(پ ر) پیپلزپارٹی حب کے صدر میر علی حسن زہری نے شیخ رشیدکی جانب سے پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری پر عمران خان کے قتل کی سازش کے بیہودہ الزامات اور گرفتاری پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ شیخ رشید کی گرفتاری بہت پہلے ہو جانی چاہئے تھی ۔ شیخ رشید اداروں اور شخصیات بارے جس طرح کی غلیظ زبان استعمال کرتے ہیں وہ کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ آصف علی زرداری پر عمران خان کے قتل کی سازش تیار کرنے کے مفروضے پر من گھڑت اور بیہودہ الزامات لگا کر شیخ رشید نے ساری دنیا کو اپنے سیاسی قد کابتا دیا ،ان کے بیانات ان کی مضحکہ خیز سیاسی شعبدہ بازی ہے جس پر باشعور عوام کان نہیں دھریں گے۔ انہوں نے کہا کہ شیخ رشید نے ہمیشہ اپنے محسنوں کو ڈسا اور جس تھالی میں کھا یا اسی میں سوراخ کیا۔ اب مقاصد پورے نہ ہونے پر اپنے ہی محسنوں کے خلاف غلیظ زبان استعمال کی جارہی ہے ۔شیخ رشید کے بیانات اور الزامات کی مکمل تحقیقات ہونی چاہئیں ۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن اپنے وقت پر ہی ہوں گے اور پیپلز پارٹی آئندہ الیکشن میںپاکستان بھر میں بھاری اکثریت حاصل کرے گی ۔