پیسہ شفاف طریقے سے ترقیاتی منصوبوں پر خرچ کیا جائے، ساول نذیر خان

February 04, 2023

پشاور (اے پی پی)خیبر پختونخواکے نگران وزیر برائے محکمہ بلدیات، انتخابات و دیہی ترقی سا و ل نذیر خان ایڈوکیٹ نے جمعہ کے روز سیکرٹری لو کل کونسل بورڈ حیات آباد کے دفتر کا اچانک دورہ کیا اور ملازمین کی حاضری چیک کی۔نگراں صوبائی وزیر نے اس موقع پر ملازمین کے غیر حاضر رہنے اور تاخیر سے دفتر پہنچنے کا نوٹس لیتے ہوئے ان کے خلاف تادیبی کارروئی کی ہدایت کی۔ انہوں نے تمام ملازمین کو ہدایت کی کہ وہ اپنے فرائض منصبی ایمانداری کے ساتھ احسن طریقے سے انجام دیں اور دفتری اوقات کار کے مطابق اپنی حاضری کو یقینی بنائیں۔ اس موقع پرسیکرٹری لو کل کونسل بورڈ بھی موجود تھے۔ نگراں صوبائی وزیر نے لو کل کونسل بورڈ کے دفتر کا تفصیلی معائنہ کیا اور متعلقہ حکام سے کہاکہ نگراں صوبائی حکومت کم لاگت پر زیادہ سے زیادہ عوامی فلاح و بہبود کی سکیموں کی تکمیل چاہتی ہے اس لئے عوام کے پیسے کو صاف و شفاف طریقے سے ترقیاتی منصوبوں پر خرچ کیا جائے۔ انہوں نے سرکاری ملازمین کو تاکید کی کہ وہ عوام کے مسائل بروقت حل کریں اور انہیں بہتر سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ان کے لئے آسانیاں پیدا کرنے میں پوری دلجمعی سے اپنی خدمات سر انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ نگراں حکومت کی اولین ترجیح ہے کہ عوام کا پیسہ صحیح معنوں عوام پر خرچ ہو۔