گرانفروشی، سرکاری نرخ نامے کی عدم موجودگی پر54 دکاندار گرفتار

February 04, 2023

پشاور (جنگ نیوز)صوبائی دارلحکومت پشاور میں ضلعی انتظامیہ نے پشاور کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے گرانفروشی، سرکاری نرخ نامے کی عدم موجودگی،کم وزن روٹی اورصفائی ناقص صورتحال پرتین دنوں کے دوران54 دکانداروں کو گرفتار کر لیا۔ اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر پشاور شفیع اللہ خان کی ہدایت پر انتظامی افسران نے شعبہ بازار، گلبہار، نشتر ا ٓباد، کوہاٹ روڈ، حیات آباد، یونیورسٹی روڈ اور دیگر علاقوں میں بازاروں کا معائنہ کیا۔کارروائیوں کے دوران گرانفروشی، سرکاری نرخ نامے کی عدم موجودگی، کم وزن روٹی اورصفائی ناقص صورتحال پرمختلف علاقوں سے مجموعی طور پر54 دکانداروں کو گرفتار کر لیا گیا۔ان گرفتار دکانداروں میں سبزی و پھل فروش، نانبائی، قصاب، شیر فروش، جنرل سٹور مالکان اور دیگر شامل ہیں۔ ان گرفتار دکانداروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر پشاور کے مطابق صوبائی دارلحکومت میں انتظامی افسران روزانہ کی بنیاد پر سبزی و پھل منڈیوں میں سرکاری نرخ نامہ جاری کرتے ہیں۔