گٹکا، ملاوٹ شدہ اشیا فروخت کرنے والوں کیخلاف کارروائیاں جاری

February 04, 2023

ملتان (سٹاف رپورٹر )پنجاب فوڈ اتھارٹی کی گٹکا بیچنے اور ملاوٹ شدہ اشیا کی خرید وفروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں، 650 ساشے ممنوعہ گٹکا تلف، ملتان میں بھی کئی فوڈ پوائنٹس کے معائنے، 10 لٹر رینسڈ آئل، 10 لٹر ایکسپائرڈ مشروبات کو تلف کر دیا گیا،تفصیلات کے مطابق سبزی منڈی چوک میلسی میں کریانہ سٹور پر کارروائی کی گئی۔ بھاری مقدار میں گٹکا برآمد کرکے تلف کردیا گیا۔سنگین خلاف ورزی پر کریانہ سٹور مالکان کو بھاری جرمانہ عائد کردیا گیا۔ دی گئی ہدایات کے باوجود سٹور مالکان گٹکا فروخت کررہے تھے۔ اسی طرح گلگشت چوک، شیر شاہ میں واقع 2 ریسٹورنٹس کو خوراک کی تیاری میں رینسڈ آئل کا استعمال کرنے، ناقابلِ سراغ رنگوں کا استعمال کرنے پر 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کردیا گیا۔ اس کے علاؤہ مظفرگڑھ روڈ پر ایکسپائرڈ مشروبات فروخت کرنے پر فوڈ پوائنٹ کو 15 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ مزید ایاز آباد میں سویٹس اینڈ بیکرز کو مٹھائی پر ایکسپائری ڈیٹ درج نہ ہونے، بدبودار فریزر میں خوراک کی سٹوریج اور ناقص کھویا تیار کرنے پر 25 ہزار، گلستان چوک میں پکوان سنٹر کو کھانوں کی تیاری میں رینسڈ آئل، کھلے رنگ کے استعمال کرنے پر 30 ہزار جبکہ ٹی چوک شاہ رکن عالم میں تکہ شاپ کو فریزر میں گندگی اور حشرات کی بھرمار پر 20 ہزار جرمانہ کردیا گیا۔