ملتان (سٹاف رپورٹر) ملتان اور گرد و نواح میں حالیہ بارش اوراچانک ٹھنڈک کے باعث زرعی ماہرین نے کہا ہے کہ اس کے مقامی فصلات اور باغات پر مجموعی طور پر مثبت مگر بعض جگہوں پر محتاط اثرات مرتب ہونے کا امکان ہے، ماہرین کے مطابق ہلکی بارش سے مٹی میں نمی بڑھنے کے باعث ربیع کی فصلات خصوصاً گندم، چنا اور سرسوں کی نشوونما میں بہتری آئے گی اور کاشتکاروں کو ایک اضافی آبپاشی سے بھی بچت حاصل ہوگی،زرعی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر بارش معتدل مقدار میں رہے تو گندم کی بالیوں اور دانوں کی افزائش بہتر ہوتی ہے، تاہم زیادہ بارش یا مسلسل نمی کی صورت میں فصلات میں فنگس اور دیگر بیماریوں کا خطرہ بھی بڑھ سکتا ہے،اسی طرح بعض علاقوں میں تیز ہوا کے باعث کھڑی فصل گرنے کا خدشہ بھی موجود رہتا ہے، دوسری جانب ملتان کے مشہور آم کے باغات پر بھی حالیہ موسم کے اثرات نمایاں ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔