غیر ملکی اسٹارز دستیاب نہیں تو کوئی غم نہیں، شاہین، پلیئرز خود کو مضبوط بنائیں

February 07, 2023

کراچی (عبدالماجد بھٹی/ اسٹاف رپورٹر) پاکستان سپر لیگ کی دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز مسلسل دوسرے سال شاہین شاہ آفریدی کی قیادت میں ٹائٹل جیتنے کے لئے پرعزم ہے۔ انہوں نے پلیئرز کو پیغام دیا ہے کہ غیرملکی اسٹارز نہیںتو کوئی غم نہیں، خود کو مضبوط بنائیں۔ دراصللاہور قلندرز نے ڈرافٹ میں انگلینڈ کے جارح مزاج ہیری بروک کومنتخب کیا گیا ہے لیکن وہ آرام چاہتے ہیں اور اس سال قلندرز کی نمائندگی نہیں کریں گے۔ چیف آپریٹنگ آفیسر ثمین رانا کا کہنا ہے کہ ہمیں علم تھا کہ اس سال قلندرز کو بروک کا متبادل لینا ہوگا لیکن اگلے سال کے ڈرافٹ کو سامنے رکھتے ہوئے انہیں برقرار رکھا گیا ہے۔ سری لنکا کے کوشال مینڈس کی بھی ٹورنامنٹ میں شرکت مشکوک ہے۔ سری لنکا کرکٹ کوشال کا ورک لوڈ منیج کرنے کے لئے انہیں پی ایس ایل کے لئے این او سی دینے سے گریز کررہا ہے تاہم قلندرز انتظامیہ نے پی سی بی سے رابطہ کیا ہے تاکہ این او سی کی راہ ہموار کی جاسکے۔ شاہین آفریدی اور فخر زمان نے فٹ ہونے کے بعد پیر کو پریکٹس میچ میں بھی شرکت کی۔ فخر زمان کا کہنا ہے کہ ویسے تو مجھے فٹنس کا کوئی مسئلہ نہیں ہے لیکن گھٹنے کی انجری میں ہر وقت خطرہ منڈلاتا رہتا ہے، امید کہ ٹورنامنٹ کے تمام میچ کھیلوں گا۔ لاہور قلندرز نے شاہین کے نائب کے لئے کسی کھلاڑی کا اعلان نہیں کیا ہے لیکن ثمین رانا کا کہنا ہے کہ متبادل کانام ہمارے ذہن میں لیکن اس وقت میڈیا میں اس کا اعلان نہیں کر رہے۔ عاطف رانا کہتے ہیں کہ ہمارے پاس سارے ہی شاہین ہیں۔دریں اثنا نکاح کی تقریبات کے بعد شاہین شاہ نے ٹریننگکیمپ جوائن کرلیا ہے اور کھلاڑیوں سے خطاب میں کہا ہے کہ قلندرز ایک فیملی ہے، سب نے ایک دوسرے کا بھائیوں کی طرح خیال رکھنا ہے۔ کوئی یہ نہ سمجھے کہ خود کے لیے کھیل کر اگلے میچ میں جگہ پکی کر سکتاہے ۔ دلیری کے ساتھ ایک رن بھی کرنے والا تمام میچز کھیلے گا۔ کوئی ایک دوسرے کو مورد الزام نہیں ٹھہرائے گا تمام کھلاڑی اچھے ہیں اس لیے اسکواڈ کا حصہ ہیں ۔مل کر جیت کا سوچنا اور آگے بڑھنا ہے۔ غیر ملکی کھلاڑیوں کے بارے میں نہیں سوچنا ہے ، ہمیں خود مضبوط ہونا ہے کہ کسی بھی کو ہرا سکیں۔ ایک دوسرے کی عزت کریں۔ کوئی سینئر، جونیئر نہیں آپ سب ایک طرح ہو۔ علاوہ ازیں تربیتی کیمپ کے تیسرے روز لاہور قلندرز اور پی ڈی پی کلاس آف 22 کے مابین پریکٹس میچ باغ جناح میں کھیلا گیا۔لاہور قلندرز کی قیادت شاہین شاہ آفریدی کررہے تھے۔ دیگر کھلاڑیوں میں فخر زمان، عبداللہ شفیق، کامران غلام ، حسین طلعت ،دلبرحسین، زمان خان اور جلات خان بھی شامل تھے۔ ادھر قلندرز نے بینک آف پنجاب کے ساتھ اسپانسر شپ معاہدے پر دستخط کردیئے ہیں۔