بھارتی وزیر خارجہ کے بیان کی مذمت کرتے ہیں، انجینئر عثمان علی

February 07, 2023

وٹفورڈ (نمائندہ جنگ) کشمیر تھنک ٹینک فورم کے رہنما انجنیئر عثمان علی خان نے کہا کہ کشمیر کشمیریوں کا ہے، انہوں نے بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کشمیر ی عوام کی تحریک کو بندوق کی نوک پر ختم نہیں کر سکتا ۔ انہوں نے یو م یکجہتی کشمیر کے موقع پر کہا کہ بھارت کے حکمران مسئلہ کشمیر پر عالمی برادری کو گمراہ کر رہے ہیں، کشمیر میں کوئی امن قائم نہیں ہو رہا، کشمیر ی عوام نے حالیہ دنوں میں راہول گاندھی ،مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے دورہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت یاترا کو مکمل طور مسترد کر دیا ، عثمان علی خان کہا کشمیر میں رائے شماری ہونے تک بھارت کشمیر کو نہ ضم کر سکتا اور نہ کشمیر کو اٹوٹ انگ کہہ سکتا ہے ، اگر کشمیر بھارت کا حصہ ہے تو وہ مسئلہ کشمیر کو عالمی عدالت انصاف میں اٹھائے، انہوں نے کہا بھارت سندھ طاس معاہدہ کے تحت دریاؤں کے تنازع کو عالمی ثالثی کیلئے لے جاسکتا ہے اگر اس میں جرأت ہے تو وہ مسئلہ کشمیر پر ثبوت پیش کرے کہ کشمیر بھارت کا حصہ ہے، بھارت نے آج تک اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت کشمیر ی عوام کے مستقبل کے لیے کشمیری عوام کو حق خودارادیت کا موقع نہیں دیا ۔انہوں نے کہا ہمارے ارباب و اقتدار پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر پر جلسے جلوسوں کی سیاست پر نظر ثانی اور کشمیر کے مسئلے کے حل کیلئے قانونی و آئینی پالیسی اختیار کر ے ،انہوں نے کہا کہ کشمیر کے دونوں اطراف غربت ،بھارتی فوج کے ہاتھوں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی وجہ سے وادی کے حالات انتہائی خراب ہیں ۔ انہوں نے کہا پاکستان کشمیر کے دونوں اطراف متحدہ اسمبلی کے قیام کیلئےاقوام متحدہ سے رجوع کرے،کشمیر کے دونوں اطراف راستے کھولے جائیں ، کشمیر کے دونوں اطراف اسمبلیوں کے لیے نشستیں موجود ہیں ، اس صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے سیاسی قیادت کا اجلاس بلایا جائے ۔