19 ماہ جیل میں بغیر کسی ثبوت کے زیر حراست رکھا گیا، فواد حسن فواد

February 07, 2023

کراچی (ٹی وی رپورٹ) سا بق پرنسپل سیکریٹری فواد حسن فوادنے کہا ہے کہ انہیں تقریباً 19ماہ جیل میں بغیر کسی ثبوت کے زیر حراست رکھا گیا، جبکہ ان پر بنا ئے گئے ریفرنس گرفتاری کے ایک سال اور دو ماہ بعد بنا ئے گئے۔ ریفرنس پر ہونے والے ٹرائل جس میں تین سال اور کچھ ماہ لگے، تقریباًڈھائی سال کورٹ روم کو خالی رکھا گیا،فواد حسن کے مطابق اس کی وجہ ٹرائل میں مواد نہ ہونا تھا لہٰذاہر کچھ عرصے میں گواہوں کے بیانات قلمبند ہونے کے بعد جج کی پوسٹنگ کر دی جاتی تھی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک انٹرویو میں کیا۔ضمانت سے متعلق ایک سوال پر سابق پرنسپل سیکریٹری فواد حسن فواد نے کہا کہ پاکستان میں عدلیہ کی تاریخ کا بھیانک ترین حصہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ایسی کئی مثالیں مو جودہیں جس میں ان کی طرح کے کئی سرکاری افسران دباؤ کا شکار ہوتے ہیں ۔ پروگرام میں فواد حسن فواد نے2017سے 2019 کے درمیان گزرنے والے عرصے پر بات کر تے ہوئے کہا کہ ان پر بنا ئے گئے کیس میں 19ماہ میں صرف دو مرتبہ اپیلز سنی گئیں جبکہ 10ماہ تک ان کی ضمانت پر مبنی درخواست چیف جسٹس آف پاکستان کے پاس موجود رہی اور کسی بینچ کو سنوائی کے لیے نہیں بھجوائی گئی۔