راولپنڈی، مشتعل افراد نے مبینہ گستاخی پر دکان کوآگ لگادی

February 07, 2023

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) تھانہ گنج منڈی کے علاقہ میں مشتعل افرادنے مبینہ گستاخی کرنے والے ملزم کی دکان کوآگ لگادی ،ذرائع کے مطابق پیر کی رات راجہ بازارکے قریب واقع مسلم بازار میں واقع مونگ پھلی اوردالوں کی دکان کے مالک اورایک گاہک کی تلخ کلامی ہوئی اورگاہک نے الزام لگایاکہ مبینہ طور پر دکاندارنے مذہب کے حوالے سے کچھ توہین آمیز باتیں کہیں جس پر علاقے میں اشتعال پھیل گیا۔ اطلاع ملنے پرقریب ہی واقع تھانہ گنج منڈی سے پولیس موقع پرپہنچ گئی اورمذکورہ دکان دار اوراس کے بیٹے کو مشتعل ہجوم سے بچا کر محفوظ مقام پر منتقل کردیا، جب کہ ہجوم نے بعدازاں تھانہ گنج منڈی پر دھاوا بول دیا اور تھانے کا گھیراؤ کرکے نعرے بازی شروع کردی رات گئے پولیس نے مشتعل مجمع کو منتشرکردیا ۔