کراچی میں خواتین کی گلابی بسیں پاکستان میں تبدیلی لاسکتی ہیں؟

February 07, 2023

کراچی (نیوز ڈیسک) کراچی میں صرف خواتین کی گلابی بسیں پاکستان میں تبدیلی لاسکتی ہیں؟ صرف 20 فیصد خواتین کی افرادی قوت کی ایک وجہ پبلک ٹرانسپورٹ میں مردوں کا ہراساں کرنا ہے۔ ٹھیک دوپہر ایک بج کر 40منٹ پر خواتین سے بھری چمکیلی گلابی بس ڈپو سے نکلتی ہے اور کراچی کی ٹریفک میں سے گزرتی ہے۔

دو خواتین کنڈکٹر 50 روپے کرایہ وصول کرتی ہیں ۔ یہ پاکستان کے صوبہ سندھ میں صرف خواتین کے لیے پہلی بس سروس ہے۔

رش کے اوقات میں ہر 20 منٹ اور ہر گھنٹے پرسکون اوقات میں چھ گلابی ایئر کنڈیشنڈ بسیں فریئر ہال سے کلفٹن برج تک شہر کے مصروف ترین راستوں میں سے ایک کے ساتھ چلتی ہیں۔

صوبے کے وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ اگر یہ کامیاب ہو جاتی ہے تو ہم پورے شہر اور آخر کار پورے سندھ میں مزید بسیں لا سکتے ہیں۔ میمن خواتین کے لیے پبلک ٹرانسپورٹ کو محفوظ اور آسان بنانا چاہتے ہیں۔

ہم نے اندازہ لگایا ہے کہ رش کے اوقات میں 50 فیصد مسافر خواتین ہوتی ہیں اور بس میں اتنی جگہ نہیں ہوتی کہ وہ باوقار طریقے سے سوار ہو سکیں۔ یکم فروری کو لانچ کی گئی نئی سروس پبلک ٹرانسپورٹ متعارف کرانے کی پاکستان کی دوسری کوشش ہے جو خواتین کو ہراساں کرنے سے بچاتی ہے۔

پہلی 2012 میں لاہور میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے طور پر چلایی گئی تھی جو دو سال کے بعد اس وقت ختم ہو گئی جب حکومت کی جانب سے فنڈنگ ​​ختم کر دی گئی۔

کئی دہائیوں سے پاکستان میں بسوں میں صرف خواتین کے حصے ہوتے ہیں۔ لیکن کلفٹن کے مہنگے علاقے میں آیا کے طور پر کام کرنے والی 32 سالہ ارشیا ملک کا کہنا ہے کہ یہ علیحدگی بس سے اترتے وقت مردوں کو ’’آپ کے پیچھے چھونے یا آپ کے کندھے کو رگڑنے‘‘ سے نہیں روکتی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ گلابی بسوں میں سفر کرنا پسند کرینگی اور وہ کسی ناخوشگوار تجربے کے لیے خود کو تیار کیے بغیر سفر کرنا پسند کرینگی۔

ایک گھریلو ملازمہ 35 سالہ راکھی متن کہتی ہیں کہ عورت کو پبلک ٹرانسپورٹ پر ہر وقت چوکنا رہنا پڑتا ہے۔ مردوں کی جانب سے چھونے اور نازیبا ریمارکس عام ہیں۔

متن کہتی ہیں کہ ایک موقع پر انہوں نے ایک مجرم کو مارنے کے لیے اپنی چپل اتارلی جبکہ سب نے انہیں گھبرا کر دیکھا۔ متن، جن کا 15 منٹ کا سفر ہے، نے نئی سروس کا خیر مقدم کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ خواتین کیلئے مخصوص بس میں زیادہ محفوظ محسوس کرینگی۔