اخباری صنعت کے مسائل حل کرنے کیلئے ہر ممکن اقدام کرینگے، نگران وزیراعلیٰ

February 07, 2023

لاہور(نمائندہ خصوصی)نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کے صدر اور ایگزیکٹو کمیٹی سمیت پی ایف یو جے کے ارکان نے ملاقات کی۔ اے پی این ایس کے ارکان نے نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کےلئے نیک تمناؤں کااظہارکیا۔ ملاقات میں اخباری صنعت کو درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیاگیا اورنگران وزیر اعلیٰ نےاخباری صنعت کے مسائل حل کرنے کیلئے ہر ممکن اقدام کی یقین دہانی کراتے ہوئے محکمہ اطلاعات کو اشتہارات کے بقایا جات فوری ادا کرنے کی ہدایت کر دی۔ اور بتایا کہ لاہور کے بڑے ہسپتالوں میں ضروری سہولتوں کی فراہمی کا کام جلد مکمل کرلیاجائے گا۔منتخب سرکاری اسپتالو ں میں 2گھنٹے کے اندر دل کے مریض کی مفت انجیوگرافی ہوگی۔جناح ہسپتال میں نیا ایمرجنسی بلاک چند ماہ میں مکمل کرائیں گے۔کلمہ چوک او رسمن آباد انڈر پاس کو وقت سے پہلے مکمل کرائیں گے۔امن وامان کی صورتحال میں بتدریج بہتری آرہی ہے۔کم وقت میں کم کام ہوں گے مگر ہر کام مثالی کرنے کی کوشش کریں گے۔اے پی این ایس کے وفد میں صدر سرمد علی، سینئر نائب صدر جمیل اطہر، نائب صدر شہاب زبیری،مجیب الرحمن شامی، خوشنود علی خان،ممبران سید سجاد بخاری، ممتاز اے طاہر، نوید چودھری، محمد وقارالدین، امتنان شاہد، سید ممتاز احمد شاہ، سید محمد منیر جیلانی، عمر مجیب شامی، گوہر زاہد ملک، ہمایوں گلزار، بلال محمود، فرقان ہاشمی شامل تھے۔ صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر، سیکرٹری اطلاعات اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔دریں ثنا پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ،سیکرٹری جنرل ارشد انصاری،صدر پی یو جے ابراہیم لکی ،صدر نیشنل پریس کلب انور رضا اورفنانس سیکرٹری (آر آئی یو جے) کاشان اکمل نے نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی اوروزیراطلاعات عامر میر سے ایوان وزیراعلی میں تفصیلی ملاقات کی - ملاقات میں آزادی اظہاررائے،میڈیا ورکرز کے حقوق کے تحفظ،ای او بی آئی رجسٹریشن سمیت لاہور اوراسلام آباد سمیت دیگر شہروں میں صحافیوں کی رہائشی کالونیوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا- صدر افضل بٹ اورسیکرٹری جنرل ارشد انصاری نے صحافیوں کے مسائل کے حل کیلئے نگران وزیراعلی محسن نقوی کے سامنے بہترین انداز میں کیس پیش کیا،نگران وزیراعلی نے تمام جملہ مسائل پر ہمدردانہ غور کرنے کی یقین دہانی کرائی ،ملاقات میں جرنلسٹس ہاؤسنگ فاؤنڈیشن کے ایم ڈی کی تقرری کے حوالے سے بھی معاملہ نگران وزیراعلی کے گوش گذار کیا گیا،اس موقع پر وزیراطلاعات عامر میر کا کہنا تھاکہ صوبے کے تمام صحافیوں کے مسائل کو ترجیجی بنیادوں پر حل کرنے کا عزم کیا ہوا ہے اس ضمن میں اہم پیش رفت سے پی ایف یوجے کو آگاہ رکھا جائے گا۔