زیر التوا اقدامات کو اس سال پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے، بی یو جے

February 07, 2023

کوئٹہ (پ ر)بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کی نو منتخب کابینہ سے بلوچستان پروفیسرز اینڈ لیکچرر ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کرکے یونین کے حالیہ انتخابات میں صدر عرفان سعید ، جنرل سیکرٹری منظور احمد سمیت دیگر عہدیداروں کو بھرپور کامیابی پر مبارکباد دی۔ بی یو جے کی نومنتخب قیادت کا صحافی کی فلاح و بہبود کیلئے جاری کوششوں کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کےعزم کو دہرایا۔بلوچستان پروفیسرز اینڈ لیکچرر ایسوسی ایشن کے صدر طارق بلوچ کی قیادت میں جنرل سیکریٹری رازق الفت کاکڑ و دیگر عہدیداروں نے گزشتہ روز پریس کلب میں بی یو جے کے صدر عرفان سعید جنرل سیکرٹری منظور احمد اور دیگر نومنتخب عہدیداروں کو مبارکباد دی۔ اور اس امید کا اظہار کیا کہ نومنتخب کابینہ صحافی کی فلاح و بہبود کے مثبت اقدامات میں پیشرفت لانے کے ساتھ آزادی اظہار رائے کے لئے جدوجہد جاری رکھے گی۔ اس موقع پر بی یو جے کے صدر عرفان سعید اور جنرل سیکرٹری منظور احمد نے وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں صحافت آسان نہیں مشکل حالات میں کام کرنے والے صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لئے بہت زیادہ کام کی ضرورت ہے۔ نومنتخب کابینہ اپنے گزشتہ برس کے اقدامات کو اس سال پایہ تکمیل تک پہنچائے گی۔ اس موقع پر کوئٹہ پریس کلب کے صدر عبدالخالق رند پی ایف یو جے کے سینئر نائب صدر سلیم شاہد، بی یو جے کے فنانس سیکرٹری عبدالغنی کاکڑ، سینئر جوائنٹ سیکرٹری چوہدری امتیاز، جوائنٹ سیکرٹری جبار بلوچ ، رکن مجلس عاملہ شاہد مختار اور دیگر سینئر صحافی بھی موجود تھے۔