ٹرانسپورٹ کمپنیاں عوام کی زندگیوں سے کھیل رہی ہیں، جمعیت پاکستان

February 07, 2023

کوئٹہ(پ ر)جے یو آئی پاکستان کے صوبائی امیر مولانا عبدالمالک صوبائی نائب امیر مولانا محمد اقبال عثمانی صوبائی نائب امیر حاجی امین اللہ امین حاجی عبدالصادق نورزئی اور ڈاکٹر محمد اسماعیل بلیدی نے بیان میں لسبیلہ کوچ حادثے کے حوالے سے چیف سیکرٹری بلوچستان کی پریس کانفرنس کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کوئٹہ کراچی اور کوئٹہ ژوب قومی شاہراہوں پر آئے روز ہونے والے سنگین ٹریفک حادثات کا الزام صرف روڈ کی تنگی پر ڈالناٹرانسپورٹ کمپنیوں کی چالاکی اور اپنے جرم پر پردہ ڈالنے کی کوشش ہے، ڈرائیورز کی کوتاہی کوچز کی مینٹیننس کے تقاضوں سے چشم پوشی اور تیز رفتاری کی وجہ سے کمپنیاں عوام کی زندگیوں سے کھیل رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بسوں میں ٹریکرز کو پہلے ناکارہ بنا دیا جاتا تھا اور بعد میں سرے سے ختم کردیا گیاجبکہ خضدار سے حب تک موٹروے پولیس کی عدم تعیناتی کے باعث مسافر بسوں کی تیز رفتاری اور دیگر بے قاعدگیوں کو کنٹرول کرنے کیلئے کوئی حکومتی اتھارٹی موجود نہیںاور مسافر ڈرائیورز کے رحم و کرم پر ہوتے ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ چیف سیکرٹری کے اعلان کے مطابق بسوں میں ٹریکرز کو دوبارہ فعال کرنے پبلک ٹرانسپورٹ میں پیٹرول اور ڈیزل لے جانے کے انسانیت کش عمل کی روک تھام اور خضدار تا حب موٹروے پولیس کی تعیناتی کے وعدوں پر فوری عملدرآمد اور سانحہ لسبیلہ کی شفاف تحقیقات کرکے ذمہ داروں کو سزا دی جائے۔