اسلام آباد ہائیکورٹ، عمران نااہلی کیس کیلئے لارجر بنچ تشکیل

February 08, 2023

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) اسلام آباد ہائی کورٹ نے مبینہ بیٹی ٹیریان جیڈ وائٹ کو کاغذات نامزدگی میں چھپانے پر سابق وزیراعظم عمران خان کیخلاف نااہلی کیس کی سماعت کیلئے لارجر بنچ تشکیل دیدیا ہے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق ، جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس ارباب محمد طاہر پر مشتمل لارجر بنچ 9 فروری کو عمران خان کی نااہلی کے کیس کی سماعت کریگا۔ چیئرمین پی ٹی آئی پر مبینہ بیٹی کو کاغذات نامزدگی میں ظاہر نہ کرنے کا الزام ہے۔ سنگل بنچ پر اعتراض کے بعد چیف جسٹس نے لارجر بنچ بنانے کا فیصلہ کیا تھا۔ شہری محمد ساجد کی درخواست میں سابق وزیر اعظم عمران خان پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ انہوں نے 2018 کے عام انتخابات کے کاغذات نامزدگی میں اپنی مبینہ بیٹی ٹیریان جیڈ وائٹ کی تفصیلات ظاہر نہیں کیں۔ عمران خان نے ایک رکنی بنچ کے روبرو اپنے تحریری بیان میں موقف اپنایا کہ یہ درخواست میانوالی کی نشست کے تناظر میں دائر کی گئی۔ الیکشن کمیشن میانوالی کی نشست سے ڈی نوٹیفائی کر چکا ہے۔