مائی کراچی نمائش 3 سے 5 مارچ تک ایکسپو سینٹر میں ہوگی، زبیر موتی والا

February 09, 2023

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ اندسٹری کے زیر اہتمام ’’مائی کراچی‘‘ نمائش 3سے 5مارچ تک ایکسپو سینٹر کراچی میں منعقد ہو گی ،بدھ کو ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین بزنس مین گروپ (بی ایم جی) اور کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) کے سابق صدر زبیر موتی والا نے 18 ویں ’’مائی کراچی‘‘ نمائش 2023کے شاندار انعقاد کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ نمائش 3مارچ 2023 سے کراچی ایکسپو سینٹر میں شروع ہو کر 5مارچ 2023کو اختتام پذیر ہو گی جس کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ اس میگا ایونٹ کے انعقاد کا مقصد کراچی کے سافٹ اور مثبت امیج کو اجاگر کرنا ہے۔ ہم اس سال ’’مائی کراچی‘‘ نمائش میں لوگوں کی بے پناہ شرکت کی توقع کر رہے ہیں جو کہ8 سے 10 لاکھ کے درمیان ہو سکتی ہے۔پریس کانفرنس میں کے سی سی آئی کے صدر محمد طارق یوسف، سینئر نائب صدر توصیف احمد، نائب صدر محمد حارث اگر، چیئرمین خصوصی کمیٹی برائے مائی کراچی نمائش اور سابق صدر کے سی سی آئی محمد ادریس، سابق صدور اور کے سی سی آئی کے منیجنگ کمیٹی کے اراکین بھی موجود تھے۔زبیر موتی والا نے کہا کہ ملک میں جاری معاشی بحران، ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں مسلسل کمی، ایل سیز جاری نہ ہونے،کاروباری لاگت میں بے تحاشہ اضافہ، زائد ٹیرف اور آسمان کو چھوتی مہنگائی کے باوجود کراچی چیمبر نے اس نمائش کو اسی اب وتاب کے ساتھ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا کیونکہ دنیا کو یہ دکھانا بہت ضروری ہے کہ کراچی کی تاجر وصنعتکار برادری بہت باہمت ہے اور اپنی بقا کی جنگ جاری رکھے ہوئے ہے۔موجودہ صورتحال کی وجہ سے اس سال نمائش میں بین الاقوامی شرکت کنندگان کم ہو کر چار ممالک انڈونیشیا، تھائی لینڈ، سری لنکا اور فلپائن تک رہ گئی ہے جبکہ گزشتہ سالوں کے دوران دنیا کے مختلف حصوں سے کم از کم 12 ممالک تقریباً ہر سال اس ایونٹ میں شرکت کرتے تھے۔زبیر موتی والا نے کہا غیر ملکی میڈیا کسی مخصوص علاقے میں پیش آنے والے امن و امان کے کسی بھی واقعے کو اس طرح غلط طریقے سے پیش کر رہا تھا کہ اس سے پورے شہر کے بارے میں منفی تاثر پیدا ہوتا تھا۔اس تاثر کو زائل کرنے کے لیے ہم نے مائی کراچی نمائش شروع کرنے کا فیصلہ کیا۔