جزوی الیکشن کی بجائے عام انتخابات سے ملک میں استحکام آئے گا، سراج الحق

February 09, 2023

لاہور(نمائندہ خصوصی)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ جزوی الیکشن کی بجائے عام انتخابات سے ملک میں استحکام آئے گا،قوم کو مسالک اور دیگر تعصبات پر تقسیم کرنے کی سازشیں ہو رہی ہے، ملک کو خانہ جنگی کی طرف دھکیلنے اور قوم کو لسانیت، مسالک اور دیگر تعصبات پر تقسیم کرنے کی سازشیں ہو رہی ہیں۔ ملک کو دو لخت کرنے کی ذمہ دار استعماری طاقتوں نے پرانا کھیل شروع کر دیا، امریکا اور بھارت چاہتے ہیں کابل اور اسلام آباد میں لڑائی ہو، امریکی وزیر کا بیان آیا ہے کہ پاکستان افغانستان میں مداخلت کرے، یہی دشمنوں کا ایجنڈا ہے، ان کی نظر ملک کے ایٹمی اثاثوں پر ہے۔ استعماری طاقتوں کے وفادارجو قوم پر مسلط ہیں اور جنھیں اسٹیبلشمنٹ کی سپورٹ حاصل ہے نے بیرونی طاقتوں کے لیے ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کا کھیل آسان کر دیا۔ جزوی الیکشن کی بجائے جنرل الیکشن ملک میں استحکام کا باعث بن سکتا ہے۔ افغان حکومت امن کے لیے کردار ادا کرے اور سازشوں سے خبردار رہے، انھیں بتانا چاہتا ہوں کہ پاکستانی عوام نے افغانستان کے لیے بڑی قربانیاں دیں، ہمارے 75ہزارشہری شہید ہوئے، پاکستان اور افغانستان میں امن دونوں ممالک کے لیے ناگزیر ہے۔ وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے یورپ، امریکا کے دورے کیے، افغانستان نہیں گئے جہاں جانا سب سے زیادہ ضروری تھا۔ پی ڈی ایم، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی کو اقتدار کی پڑی ہے ۔