منشیات جیسے ناسور کا خاتمہ اولین ترجیح ہونا چاہئے، منظور آفریدی

February 09, 2023

پشاور(جنگ نیوز)خیبرپختونخوا کے نگراں وزیر برائے محنت، ایکسائز، ٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول حاجی منظور خان آفریدی نے محکمہ ایکسائز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے واضح کیا ہے کہ صوبے سے منشیات بالخصوص آئس جیسے ناسور کا خاتمہ اولین ترجیح ہونا چاہئے کیونکہ اس نے ہماری نوجوان نسل کا مستقبل خطرے میں ڈال دیا ہے وہ اپنی وزارت کا قلمدان سمبھالنے کے بعد شامی روڈ پشاور پر ڈائریکٹریٹ جنرل ایکسائز میں محکمہ ایکسائز بارے تعارفی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے اس موقع پر سیکرٹری ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول عدیل شاہ نے نگراں وزیر کو محکمہ کے انتظامی امور، محاصل اور محکمہ میں جاری اصلاحات پر تفصیلی بریفنگ دی منظور آفریدی نے واضح کیا کہ انسداد منشیات کے حوالے سے محکمہ ایکسائز و نارکوٹکس کنٹرول کا کردار انتہائی قابل ستائش ہے اور کافی اہمیت رکھتا ہے محکمہ کا فرض ہے کہ اسکی تیاری، سپلائی اور استعمال تینوں شعبوں پر یکساں توجہ دے تاکہ معاشرے سے اس عفریت کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جائے اور قوم کا مستقبل محفوظ بنے اسی طرح انہوں نے کہا کہ صوبے کے محاصل میں محکمہ ایکسائز کو کلیدی مقام حاصل ہے، تمام اضلاع میں ایکسائز کی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے خصوصی اقدامات اٹھائے جائیں جبکہ جون تک محاصل کا ہدف پورا کرنے کے لئے تمام افسران ایمانداری اور محنت ولگن کے ساتھ کام کریں منظور آفریدی کا کہنا تھا کہ جزا اور سزا کے عمل پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے گا۔میرٹ کی بالادستی اور کرپشن کے خاتمے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے انہوں نے کہا کہ ہم نے ایک ٹیم بن کر محکمہ ایکسائز کو ایک ماڈل محکمہ کے طور پر پیش کرنا ہے۔ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف اور ہر ممکن سہولت دی جائیگی وزیر محکمہ ایکسائز نے منشیات کی لعنت کو معاشرے سے ختم کرنے کا عزم دہرایا خصوصی طور پر نشہ آور آئس کے خلاف بھر پور کاروائیوں کیلئے ہدایات جاری کیں نیز واضح کیا کہ ایکسائز افسران انسداد منشیات اور ٹیکس محاصل کیلئے اہداف مقرر کریں اور انکی تکمیل کیلئے دن رات ایک کرکے ٹیم ورک کے ساتھ کام کریں اجلاس میں منصور ارشد ڈائریکٹر ایڈمن، صلاح الدین ڈائریکٹر ریوینو، انجنئیر ڈاکٹر عیدبادشاہ ڈائریکٹر نارکوٹکس کنٹرول، جاوید خلجی ڈائریکٹر ملاکنڈ ریجن، عماد الدین ڈائریکٹر رجسٹریشن ، فواد اقبال خان ڈایریکٹر مردان ریجن، خالق داد ڈائریکٹر لیٹیگیشن، محمد نعمان ڈپٹی ڈائریکٹر آڈٹ اینڈ اکاؤنٹس، شعیب عالم ڈپٹی ڈائریکٹر جی آئی ایس، آفتاب الدین ETO-III پراپرٹی ٹیکس، داؤد شاہ ETO-1st موٹر رجسٹرنگ اتھارٹی پرائیویٹ وہیکل، اجلال قیوم بابر ETO-V موٹر رجسٹرنگ اتھارٹی کمرشل وہیکل، محمد ایاز پروگرامر و دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔