عوام کیلئے ٹیکسوں میں کمی کے حوالے سے جو ہوسکا ضرور کریں گے، چانسلر جیری ہنٹ

March 20, 2023

راچڈیل (نمائندہ جنگ ) چانسلر جیریمی ہنٹ نے عوام کی طرف سے ٹیکسوں کی بھرمار پر شدید تنقید کے بعد بجٹ کا بھر پور دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ عوام کیلئے جو کچھ کر سکتے ہیں ضرور کریں گے اس میں ٹیکسوں میں کمی بھی شامل ہوگی۔ایک انٹرویو میں بجٹ کا دفاع کرتے ہوئے چانسلر نے اس بات پر زور دیا کہ ہم جتنا ٹیکس کم کر سکتے ہیں اس کیلئے کوشش ضر ور کریں گے، انہوں نے اس تنقید کو بھی رد کیا کہ تین سال سے کم عمر بچوں کیلئے بچوں کی دیکھ بھال کے نئے انتظامات کو دو سال سے زیادہ عرصے تک مکمل طور پر نافذ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزراء جتنی تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں لاکھوں برطانوی شہریوں کو مزید انکم ٹیکس ادا کرنے پر مجبور کیا جائیگا جس سے اگلے پانچ سال کے دوران ٹریژری کیلئے 120بلین پاؤنڈ کی اضافی آمدنی متوقع ہے، ٹیکس کی حدیں منجمد کر دی گئی ہیں جس کا مطلب یہ ہے کہ اگرچہ اجرتوں میں زندگی گزارنے کی لاگت کے ساتھ رفتار برقرار رکھنے کیلئے اتنا اضافہ نہیں ہو رہا ہے بہت سے ملازمین کو اب بھی اونچے بینڈوں میں کھینچا جا رہا ہے۔ چانسلر نے کہا کہ حکومت بچوں کی نگہداشت پر جتنا ہم کر سکتے ہیں کر رہے ہیں یہ میری زندگی میں بچوں کی دیکھ بھال میں سب سے بڑی تبدیلی ہے یہ ایک بہت بڑی تبدیلی ہے ہمیں مزید ہزاروں نرسریوں کی ضرورت ہے ہزاروں مزید سکولوں کی ضرورت ہے مارکیٹ میں سپلائی کو بڑھانے کے لیے جتنی تیزی سے ہو سکے اقدامات جاری ہیں لیکن یہ کرنا صحیح ہے کیونکہ ہمارے پاس دنیا کا سب سے مہنگا بچوں کی دیکھ بھال کا نظام ہے اور ہم جانتے ہیں کہ یہ ایک بہت بڑی پریشانی کا باعث ہے خاص طور پر خواتین کیلئے کہ جب زچگی کی چھٹی ختم ہوتی ہے تو ان کونو ماہ کے بعد کوئی مدد نہیں ملتی جب تک کہ بچہ تین سال کا نہ ہو جائے اور یہ اکثر کیریئر کا خاتمہ ہو سکتا ہے لہٰذا میں سمجھتا ہوں کہ بہت سی خواتین کے لیے ان اصلاحات کو متعارف کرانا صحیح کام ہے اور ہم ان کو جلد از جلد متعارف کروا رہے ہیں کیونکہ ہم کام کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنا چاہتے ہیں ۔لیبر نے اس اقدام کو تبدیل کرنے کا عزم کیا ہے لیبر رہنماؤں کا موقف ہے کہ اس سے صرف دولت مندوں کو فائدہ حاصل ہوگا۔