ڈکیتی واردات، رکشا ڈرائیور کی پولیس حراست میں مبینہ ہلاکت

March 20, 2023

کراچی(اسٹاف رپورٹر) ڈیفنس خیابان سحر میں 12مارچ کو موبائل کی دکان میں سوا کروڑ روپےکی ڈکیتی کی واردات کا معاملہ، تفتیشی پولیس کی حراست میں مبینہ طور پر رکشا ڈرائیور جاں بحق ہوگیا، ملزم عبدالرشید کوچند روز قبل تفتیشی پولیس نے حراست میں لیا تھا، پولیس کا کہنا ہے کہ واردات میں عبدالرشید کا رکشا استعمال ہوا تھاجس کی وجہ سے اسے حراست میں لیا گیا، عبدالرشید نے دوران تفتیش اعتراف کیا تھاکہ ملزمان نےاس کا رکشا کرایہ پر حاصل کیا اس نے ملزمان کو کچھ دور اتار دیا تھا، جبکہ عبدالرشیدکو 3روز قبل رہا کرکے اہل خانہ کے حوالے کردیا تھا ، تاہم وہ اتوار کو دم توڑ گیا جبکہ اہل خانہ نے الزام عائد کیا ہے کہ پولیس نے اسے تشدد کا نشانہ بنایا جس سے اسکی موت ہوئی ہے ، پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ کےحوالے سے تفتیش کررہے ہیں۔ ترجمان ایس ایس پی انویسٹی گیشن ون سائوتھ کے اعلامیے کے مطابق رکشا ڈرائیور کا پوسٹ مارٹم کروایا جارہا ہےوجہ موت کا پتہ چلنے کے بعد مزید قانونی کارروائی کی جائے گی،واردات کا مقدمہ نمبر 101/ 23 گذری تھانے میں درج ہے، سی سی ٹی وی کی مدد سے واردات میں جو رکشا استعمال ہوا تھا رشید اس کا ڈرائیور تھا اسی بنا پر اسے شامل تفتیش اور پوچھ گچھ کے بعد سے چھوڑ دیا گیا تھا۔