کراچی ( اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے مصطفیٰ کمال کی جانب سے میدان میں آنے کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کے ایم سی پر 300 ارب روپے خرچ کرنے کا دعویٰ اگر درست ہے تواسکے ثبوت اور بجٹ دستاویزات سامنے لائی جائیں اس معاملے پر کسی بھی جگہ اور کسی بھی فورم پر بحث کے لیے تیارہوں، میئر نےضلع وسطی شادمان ٹاؤن میں پارک اور آئی ٹی سینٹر کی بحالی کے اہم منصوبے کا افتتاح کردیا اس موقع پر سٹی کونسل کے اراکین، منتخب نمائندے اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے ، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مئیر نے کہا کہ سیاسی مخالفین کا اختلاف اور تنقید جمہوری سیاست کا حصہ ہے، وہ اپنے مخالفین سے حمایت کی توقع نہیں رکھتے، تاہم تنقید کے بجائے حقائق اور دستاویزات کے ساتھ بات ہونی چاہیے، انہوں نے کہا کہ مصطفیٰ کمال کی جانب سے میدان میں آنے کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وہ خود میدان میں موجود ہیں اور شہر کے مختلف علاقوں میں جاکر کام کررہے ہیں، کراچی کے شہری خوف، دہشت، بدامنی اور لاشوں والا شہر نہیں چاہتے ، موجودہ کراچی میں امن، ترقی اور شہری سہولتوں کی ضرورت ہے اور وہ اسی کراچی کے لیے کام کررہے ہیں انہوں نے کہا کہ سابق میئر وسیم اختر اور موجودہ میئر کے طرزِ قیادت میں واضح فرق ہے، اسی طرح پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کی سیاست اور طرزِ حکمرانی میں بھی فرق ہے۔