کراچی (اسٹاف رپورٹر) جمعیت علماء اسلام سندھ کے صوبائی سیکرٹری جنرل اور قائد سندھ علامہ راشد محمود سومرو نے کہا ہے کہ پرانے صوبوں کی صورتحال سب کے سامنے ہے ،نئے صوبے بنا کر ملک کا مزید بیڑا غرق کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی ، بلوچستان ، خیبر پختونخوا، سندھ ، پنجاب، آزاد کشمیر اور یا گلگت بلتستان میں جب تک عوام کو ان کے حقوق نہیں ملتے، اور عوام کے وسائل عوام کی مرضی کے مطابق استعمال نہیں ہوتے، حقوق کی جدوجہد اور مزاحمت کا سفر جاری رہے گا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی پریس کلب میں بلوچستان نیشنل پارٹی کے زیر اہتمام بزرگ بلوچ رہنما اور سابق وزیراعلیٰ بلوچستان سردار عطاء اللہ خان مینگل کی پانچویں برسی کے موقع پر تعزیتی ریفرنس سے خطاب کر تے ہوئے کیا ، راشد محمود سومرو نے مزید کہا کہ سندھ کے لوگ بھی اسی طرح اپنے حق کے لیے آواز بلند کر رہے ہیں جس طرح بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے عوام آواز اٹھا رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام اپنی قیادت کے ساتھ مل کر پاکستان کے عوام کی تقدیر کے فیصلے مزید ان لوگوں کو نہیں کرنے دے گی، انہوں نے سردار عطاء اللہ خان مینگل کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان سمیت سندھ اور خیبر پختونخوا کے عوام کو ان کے حقوق دیے بغیر پاکستان کو مضبوط نہیں بنایا جاسکتا۔ انہوں نے زور دیا کہ صوبوں کو ان کے حقوق دینا ہوں گے، وسائل پر عوام کا حق تسلیم کرنا ہوگا اور عوام کے حقوق عوام کو دینا ہوں گے۔