• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹینکر فری ڈی ایچ اے میرے خواب کی تعبیر ہے، ڈاکٹر اختیار بیگ

کراچی (نیوز ڈیسک) قومی اسمبلی کے رکن ڈاکٹر مرزا اختیار بیگ نے ڈملوٹی سے ڈی ایچ اے پانی فراہمی معاہدے پر چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، میئر کراچی مرتضی وہاب اور اسٹیشن کمانڈر کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ (CBC) کراچی بریگیڈیئر عمران اصغر کا منصوبے کے مالی معاملات کو حتمی شکل دینے کی کاوشوں کا شکریہ ادا کیا۔ ڈاکٹر بیگ نے کہا کہ ٹینکر فری ڈی ایچ اے ان کے خواب کی تعبیر اور ڈی ایچ اے کے رہائشیوں سے کئے گئے وعدے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ڈی ایچ اے میں اس وقت یومیہ پانی کی ضرورت 20ملین گیلن ہے جبکہ اسے صرف 5 ملین گیلن بمشکل پانی فراہم کیا جا رہا ہے جس کے باعث تقریبا 15 ملین گیلن یومیہ ڈی ایچ اے کے رہائشیوں کو پانی کی کمی کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈملوٹی ایچ اے ڈائریکٹ واٹر سپلائی پائپ لائن منصوبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے، جو ڈی ایچ اے میں پانی کی موجودہ کمی کو پورا کرنے میں مدد دے گا ۔ منصوبے کی مجموعی لاگت 14.23 ارب روپے ہے جبکہ منصوبے کے دائرہ کار میں 36کلومیٹر طویل پانی کی پائپ لائن، پمپنگ اسٹیشن اور فلٹریشن پلانٹ کی تعمیر شامل ہے۔ فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (FWO) نے امید ظاہر کی ہے کہ یہ منصوبہ 15 ماہ کی مدت میں مکمل کر لیا جائے گا۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید