کراچی (اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی حلقہ خواتین کراچی کی ناظمہ جاوداں فہیم نے کہا ہے کہ نسل نو کی حفاظت، تعمیر اور کردار سازی ہماری سب سے بڑی ذمہ داری ہے، ہم اپنی زندگی کی بہت سی چیزیں چھوڑ سکتے ہیں لیکن بچوں کی تربیت اور شخصیت سازی پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کرسکتے،آج کے دور میں والدین کی جانب سے بچوں کو نظر انداز کرنا انتہائی نقصان دہ ہے، اگر ہم نے بروقت مزاحمت نہ کی تو بچے ہمارے ہاتھوں سے نکل جائیں گے اور معاشرہ مزید پستی کی جانب چلا جائے گا۔والدین بچوں کو نظر انداز کرنے کے بجائے ان کی بہترین تربیت کے لیے گھر کا ماحول سازگار بنائیں، گلا سڑا نظام معاشرے کی تمام خرابیوں کی جڑ ہے، خواتین جماعت اسلامی کی ”بدلو نظام“ کی جدوجہد میں شانہ بشانہ ہیں،ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیٹرولیم لیوی کے خلاف گورنر ہاؤس کے باہر جماعت اسلامی کے جاری دھرنے کے 28ویں روز ”نسل نو کا تحفظ، تعمیر اور کردار“کے عنوان سے حجاب کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،جبکہ زمرہ سعد اور رابعہ عرفان نے نظامت کے فرائض انجام دیےنسل نو کا تحفظ، تعمیر اور کردار“کے عنوان سے پینل ڈسکشن بھی ہوا ،جاوداں فہیم نے کہا کہ آج کی حجاب کانفرنس کا موضوع انتہائی اہم اور وقت کی ضرورت تھا، جس میں کم وقت میں نسل نو کے تحفظ، تعمیر اور کردار کے حوالے سے اہم پہلوؤں کو اجاگر کیا گیا، قوم کی خواتین آج ہر محاذ پر اپنا کردار ادا کررہی ہیں اور معاشرے کی اصلاح و تعمیر میں بھی خواتین کی ذمہ داری بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔