پاکستان اور چین کے درمیان سی پیک سمیت اہم امور پر پیشرفت

March 20, 2023

اسلام آباد(فاروق اقدس)مصدقہ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان سی پیک منصوبے کے حوالے سے اہم پیشرفت سامنے آئی ہے جس میں پاکستان،چین کا اقتصادی راہداری کو وسعت دینے اور منصوبے میں دیگر ممالک کی شمولیت پر بھی اتفاق رائے ہوا ہے یہ اتفاق رائے بیجنگ میں پاکستان اور چین کے درمیان تیسرے مشاورتی دو طرفہ ڈائیلاگ کے موقع پر ہوا جس کی سربراہی سیکرٹری خارجہ اسد مجید خان کر رہے تھے جبکہ چینی وفد کی قیادت چین کے نائب وزیرخارجہ سن ویڈونگ نے کی یاد رہے کہ سن ویڈونگ پاکستان میں اس وقت چین کے سفیر رہ چکے ہیں جب پاکستان اور چین کے درمیان سی پیک منصوبے کے امور ایک زیر بحث مراحل میں داخل ہو گئے تھے پاکستان میں اپنی سفارتکاری کی متعینہ مدت مکمل کرنے کے بعد انہیں بھارت میں سفیر کی حیثیت سے تعینات کر دیا گیا تھا اسلام آباد میں سفارتی ذرائع کے مطابق وزارت خارجہ اور چینی وفد کے مابین دو طرفہ سیاسی مشاورت پاکستان اور چین کے درمیان ایک باقاعدہ اداراجاتی نظام ہے لیکن حالیہ مشاورتی اجلاس میں ہونے والے معاملات میں مختلف امور پر انتہائی اہم پیشرفت ہوئی ہے جس کی تفصیلات آنے والے دنوں میں سامنے آ سکیں گی۔ دریں اثنا وزارت خارجہ نے بیجنگ میں ہونے والے تیسرے دوطرفہ ڈائیلاگ کے حوالے سے بتایا کہ پاکستان اور چین کے مابین دوطرفہ سیاسی مشاورت کے تیسرے دور میں پاکستان اور چین نے دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا ۔