چکلالہ سکیم تھری چوہدری بوستان روڈ پر تجاوزات‘ ٹریفک جام معمول

March 20, 2023

راولپنڈی (خبر نگار خصوصی) راولپنڈی کے علاقہ چکلالہ اسکیم تھری سے ملحقہ چوہدری بوستان خان روڈ کی حالت بدترین ہو گئی۔ غیر قانونی تجاوزات کی بھرمار اور دکانداروں کی من مانیوں کے باعث ٹریفک روانی شدید متاثر ہونا معمول بن چکا۔ سڑک کے دونوں اطراف دکانداروں نے سامان فٹ پاتھ پر رکھا ہوتا ہے جس کی وجہ سے قانوناً پیدل چلنے والوں کیلئے بنائے جانے والے فٹ پاتھ غائب ہو چکے۔ ریڑھیاں‘ چپس‘ برگر کے سٹالز جبکہ سبزی فروشوں‘ مرغی‘ گوشت اور لنڈا بیچنے والوں نے کئی کئی فٹ باہر لکڑی کے سٹالز نما ٹیبل لگا لئے جبکہ موٹر سائیکل میکینکس نے بھی راستہ روک کر فٹ پاتھ پر قبضے جما لئے۔ اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ متعلقہ ادارہ کا ان غیر قانونی تجاوزات کو ختم نہ کرنا منتھلی لینے یا اُنکی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ کار چوک ہسپتال جانیوالے مریض بھی اذیت ناک صورتحال کا شکارہیں۔