تاجر ماہ رمضان میں رضا کارانہ طور پر قیمتیں کم کریں، انجمن تاجران

March 20, 2023

ملتان ( سٹاف رپورٹر) آل ملتان مرکزی انجمن تاجران کریانہ ریٹیلرز پنجاب کے صدر میاں آفاق احمد انصاری نے کہا ہے کہ تاجر برادری ماہ رمضان المبارک کی آمد کے پیش نظر رضا کارانہ طور پر اشیاء کی قیمتوں میں کمی پیدا کر ے تاکہ بڑھتی ہوئی مہنگائی میں عوام کو ریلیف مل سکے ۔گزشتہ روز جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ماہ رمضان کی آمد آمد ہے۔بعض دکاندار اس ماہ مقدس میں زیادہ منافع کمانے کے لالچ میں اشیاء کی گراں فروشی کا کام شروع کر دیتے ہیں جس کی وجہ سے مارکیٹ میں مہنگائی پیدا ہو جاتی ہے اور تاجر برادری پر انگلیاں بھی اٹھائی جاتی ہیں۔تاجر ماہ صیام کے دوران صارفین کا خاص خیال رکھیں اور معیاری اشیاء جائز منافع پر فروخت کریں۔مہنگائی پیدا کرنے والے دکانداروں کی نشاندہی کی جائے تاکہ ان کے خلاف ایکشن لیا جا سکے۔ آل ملتان مرکزی انجمن تاجران کریانہ ریٹیلرز پنجاب گراں فروشی میں ملوث دکانداروں کے ساتھ ہرگز نہیں ہے۔