افغانستان سے ٹی 20 سیریز کیلئے پاکستان ٹیم کل دبئی روانہ

March 21, 2023

کراچی (اسٹاف رپورٹر) افغانستان کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل میچز کے لئے پاکستان کرکٹ ٹیم بدھ کی سہ پہر لاہور سے دبئی روانہ ہو گی ۔ میچز 24 ، 26 اور 27 مارچ کو شارجہ اسٹیڈیم میں ہونگے۔ پاکستان ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ منگل شام نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں جمع ہوگا۔ فاسٹ بولر نسیم شاہ ٹیم سے قبل ہی دبئی پہنچ گئے ہیں جبکہ شاداب خان منگل کو روانہ ہوں گے۔دریں اثناپاکستانی ٹیم میں پہلی بار جگہ بنانے والے فاسٹ بولر احسان اللہ اور زمان خان پی ایس ایل میں شاندار کارکردگی کے بعد اپنے اپنے گاؤں پہنچے تو ان کے اہل خانہ،دوستوں اور علاقہ مکینوں نے ان کا والہانہ استقبال کیا۔ زمان خان جب آزاد کشمیر میں اپنے گاوں پہنچے تو انہیں جلوس کی شکل میں پورے گاؤں کا چکر لگوایا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی نےسلیکشن کمیٹی کو ہدایت کی ہے کہ روٹیشن پالیسی کے تحت تمام کھلاڑیوں کو آزمایا جائے۔