عباسی اسپتال، خاتون ڈاکٹر سے نامعلوم افراد کی بدتمیزی کیخلاف احتجاج

March 21, 2023

کراچی (اسٹاف رپورٹر) عباسی شہید اسپتال میں خواتین ڈاکٹرز کو تحفظ نہ دینے پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کے دفتر کے باہر احتجاج کیا گیا اور او پی ڈی بند کر دی گئی ،تفصیلات کے مطابق اتوار کی رات نامعلوم افراد کے مشتعل گروہ نے عباسی اسپتال کی ٹراما بلڈنگ میں تیسری منزل پر واقع بچوں کے وارڈ میں زبردستی داخل ہوکر خاتون ڈاکٹر کے ساتھ بدتمیزی کی تھی ، مظاہرین کاکہنا تھا کہ ایسی لاقانونیت میں کون خاتون ڈاکٹر یا اس کے اہل خانہ اپنی بیٹی کو ڈیوٹی پر بھیجیں گے، عباسی شہید اسپتال کا بچہ وارڈ سال بھر24 گھنٹہ خدمات دینے والا وارڈہے،رش کی وجہ سے ایک بستر پر دو دو بچوں کو علاج کی سہولت دی جاتی ہیں، ڈاکٹرز کے پاس علاج کی تدابیر ہوتی ہیں زندگی اورموت کا اختیار نہیں ہوتا، ایسے واقعات سے ڈاکٹرز کے خلوص اور محنت پر ضرب پڑتی ہے، مظاہرین نے کہا کہ اسپتال کی سیکیورٹی پر سوال اٹھتا ہے کہ اگر ہم اپنے عملے اور املاک کو تحفظ نہیں دیں گے تو کیسے کام آگے بڑھے گا،سی سی ٹی وی فوٹیج کے باوجود ملزمان کے خلاف ایف آئی آر نہیں کاٹی جا رہی جس سے خواتین ڈاکٹرز و عملے میں عدم تحفظ کا احساس بڑھتا جا رہا ہے،19 مارچ کو آئی سی یو میں انتہائی خراب حالت میں لائی گئی زیر علاج بچی آیت فاطمہ کی موت پر ایک غیر قانونی، غیر اخلاقی ردعمل دے کر مزید کئی بچوں کی جان کو خطرے میں ڈال دیاگیا۔