دبئی، عمران کے وکیل جیو کیخلاف ہتک عزت کا مقدمہ درج کرانے میں ناکام

March 21, 2023

لندن (مرتضیٰ علی شاہ/ سبط عارف) دبئی میں حکام نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے ان کے وکیل کے ذریعے مجرمانہ ہتک عزت کا مقدمہ درج کرنے کی کوشش سے انکار کر دیا ہے۔

سابق وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ سال دسمبر میں اعلان کیا تھا کہ انہوں نے دبئی میں اپنے وکیل حسن اسلم کو ہدایت کی ہے کہ وہ جیو نیوز، اس کے اینکر شاہ زیب خانزادہ اور دبئی میں مقیم بزنس مین عمر فاروق ظہور کے خلاف متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں ہتک عزت کا مقدمہ اور فوجداری کارروائی دائر کریں۔

باوثوق ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ حسن اسلم شاد نے اس سال کے شروع میں عمران خان کے اعلان کے مطابق مقدمہ درج کرنے کے لیے برشہ تھانے سے رابطہ کیا تھا لیکن دبئی پولیس نے شواہد کی کمی اور وکیل کی جانب سے متحدہ عرب امارات کے قوانین کے تحت کیس کی میرٹ قائم کرنے میں ناکامی کی وجہ سے درخواست پر غور کرنے سے انکار کردیا۔

دی نیوز اور جیو نے حسن اسلم شاد کو اس خبر کے لیے اپ ڈیٹ اور ان کے موقف کے لیے کئی درخواستیں بھیجیں لیکن انھوں نے واٹس ایپ پر پیغامات پڑھے اور سوالات کا جواب نہیں دیا۔

متحدہ عرب امارات میں، ہتک عزت فوجداری قانون کے تحت آتی ہے، پاکستان اور برطانیہ سمیت بیشتر ممالک کی طرح سول قانون کے تحت نہیں۔