وسطی ایشیاء کی ریاستوں سے تجارت کو بڑھانے کے مواقع موجود ہیں، محمد اسحاق

March 21, 2023

پشاور (لیڈی رپورٹر)سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد اسحاق نے کہا ہے کہ وسطی ایشیاء کی ریاستوں کیساتھ باہمی تجارت کو بڑھانے کے بے شمار مواقع موجود ہیں تاہم سنٹرل ایشیاء ممالک کے تجارت کے فروغ کیلئے مربوط بینکنگ چینل کے قیام، بزنس ٹو بزنس رابطوں کوبہتر بنانے ٗ ویزوں کے اجراء میں آسانی پیدا کرنے سمیت براستہ ایئر کارگو سروسز کے آغاز ٗ صنعتی نمائشوں کے انعقاد اور ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ حاصل کرنے کے لئے حکومتی سطح پر اقدامات کی اشد ضرورت ہے۔ چیمبرعنقریب وسطی ایشیاء کی تین ریاستوں میں ٹریڈ فیئرکا انعقاد کرنے کی جا رہی ہے جو کہ علاقائی تجارت کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔ ان خیالات انہوں نے گذشتہ روز تاجکستان کے لئے نامزد پاکستان کے سفیر محمد سعید سرور سے چیمبر ہاؤس میں ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر سرحد چیمبر کے نائب صدر اعجاز خان آفریدی ٗ سیکرٹری جنرل سجاد عزیز اور عمار انصاری بھی موجود تھے۔ پاکستان کے تاجکستان کے لئے نامزد سفیر محمد سعید سرور نے اس موقع پر اجلاس کو بتایا کہ موجودہ حکومت وسطی ایشیاء کی ریاستوں کے ساتھ باہمی تجارت کے فروغ کے لئے کوشاں ہے جس میں نجی سیکٹر اور کاروباری طبقہ کا کرداربہت اہم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی ہمیشہ سے کوشش رہی ہے کہ وہ بزنس کمیونٹی ٗ ایکسپورٹرز اور امپورٹرز کو باہمی تجارت کے فروغ کے لئے ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں اور اس حوالے سے عملی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ نامزد سفیر تاجکستان محمد سرور نے کہا کہ تاجکستان ایک برادر اسلامی ملک ہے اور ان کی کوشش ہوگی کہ دونوں ممالک کی بزنس کمیونٹی کو ایک دوسرے کے قریب لایا جائے اور تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے باہمی تجارت میں درپیش مسائل کو فوری حل کے لئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔