تھرکول سے 2300 میگاواٹ بجلی پیداوار، تھر کا صحرا بدستور تاریکیوں میں

March 22, 2023

اسلام کوٹ(رپورٹ عبدالغنی بجیر)تھرکول سے 2300 میگاواٹ بجلی پیداوار شروع ہونے کے باوجود تھر کا صحراء بدستور تاریکیوں میں ڈوبا ہوا ہے ،ضلع بھر میں50 میگاواٹ سے بھی کم بجلی درکار ہے ، سندھ حکومت کے اعلانات دھرے رہ گئے ، سندھ حکومت کی جانب سے تھر کی ترقی کے منصوبوں کے مسلسل اعلانات کے باوجود عوام صحت، تعلیم اور پانی کی سہولیات کو بھی ترس گئے، وزیراعظم شہباز شریف تین بجلی گھروں کا افتتاح آج بدھ کے روز کریں گے جن سے بجلی ترسیل تین ماہ قبل شروع ہو چکی ہے، جنگ سروے کے دوران تھری باشندوں کا وزیراعظم سے تھرکے ہر گوٹھ کو بجلی دینے کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق تھر میں کالا سونا (کوئلے) سے 5 بجلی گھروں سے بجلی کی کامیابی کے ساتھ 2300 میگاواٹ بجلی کی پیداوار شروع ہونے اور نیشنل گرڈ میں شامل ہونے کے باوجود تھر کا صحراء تاحال تاریکیوں میں گھیرا ہو ہے۔ الیکٹریکل انجنیئرز کے مطابق اگر تھر کے تمام تر دو ہزار کے قریب دیہاتوں کو بجلی دی جائے تو بھی کھپت 50 میگاواٹ کے اندر ہوگی۔