جعلی ای چالان کی روک تھام کیلئے سی ٹی اوز کو کارروائی کی ہدایات

March 22, 2023

راولپنڈی (وسیم اختر،سٹاف رپورٹر)جعلی ای چالان کی روک تھام کے لئے پنجاب بھر میں سی ٹی اوزکوکارروائی کرنے کی ہدایات جاری کردی گئیں۔ ذرائع کے مطابق پنجاب کے مختلف اضلاع سے شکایات موصول ہوئیں کہ ٹریفک پولیس کے بعض فیلڈ افسران خودکارڈیجیٹل چالان کی بجائے مینول چالان کررہے ہیں اوربددیانتی سے موقع پرجرمانے کی رقم وصول کرکے بدعنوانی کے مرتکب ہورہے ہیں ، لاہورسمیت پنجاب بھر میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر گزشتہ سال سے چالان بک کی بجائے آن لائن سسٹم کے تحت چالان کرنے کا سلسلہ شروع کیاگیاتھا۔ ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب نے صوبے کے تمام ریجنل پولیس افسروں اور سی ٹی اوز کو مراسلہ بھیجاہے جس میں کہا گیا ہے کہ مینول طریقے سے ہرگزچالان نہ کئے جائیں۔ ادھرترجمان سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی کاکہناتھاکہ راولپنڈی میں تاحال ایسی کوئی شکایت سامنے نہیں آئی ،بعض چھوٹے شہروں سے اس بارے شکایات سامنے آئی ہیں ۔